پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل صاحب آپ 25 کروڑ عوام کے سپہ سالار ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے. بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی نے عوام کو فوج کا ساتھ دینے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، رہنماؤں اور کارکنوں کو انصاف دیا جائے، کیونکہ جب تک تمام ادارے آئین کے تحت کام نہیں کریں گے، آواز بلند کرتے رہیں گے۔ حقیقی آزادی کی جنگ جاری رہے گی اور عدلیہ کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ آئین کے مطابق انصاف فراہم کرے۔
مزید پڑھیں: پشاور: پی ٹی آئی کا 5 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ، جلسہ گاہ تاحال سنسان
جلسے کے دوران صورتِحال کشیدہ بھی رہی جب کارکنوں نے خطاب کے دوران اسٹیج کی جانب بوتلیں پھینکیں اور وزیراعلیٰ کو جوتے دکھائے اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔
جلسے میں بدنظمی بھی دیکھی گئی جب پی ٹی آئی کارکن خواتین کے انکلوژر میں داخل ہوگئے اور ان کی نشستوں پر بیٹھ گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کارکنوں کو دھکے دے کر وہاں سے باہر نکالا۔












