ایشیا کپ کا ہائی وولٹیج فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے دبئی پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور شائقین کی سہولت کے لیے اردو میں خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
پولیس کے مطابق شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ میچ شروع ہونے سے کم از کم 3 گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچیں جبکہ ہر ٹکٹ صرف ایک بار داخلے کے لیے کارآمد ہوگا۔ میچ کے دوران اسٹیڈیم سے باہر نکلنے کے بعد دوبارہ داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ فائنل: ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا، پاکستان اور بھارت آج دبئی میں مدمقابل ہوں گے
انتظامیہ نے آتش گیر مواد، اسلحہ، لیزر پوائنٹرز، آتش بازی کا سامان، ٹرائی پوڈ، سیلفی اسٹک اور شیشے کی اشیا اسٹیڈیم میں لانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اسی طرح سیاسی بینرز یا غیر منظور شدہ پلے کارڈ بھی داخل نہیں کیے جائیں گے۔ پولیس نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں تاکہ فائنل ایک محفوظ اور پُررونق ماحول میں منعقد ہو سکے۔
ادھر پاکستان اور بھارت کے درمیان اس تاریخی ٹاکرے کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔ منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی 28 ہزار نشستوں کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں اور اسٹیڈیم ‘ہاﺅس فل’ ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ فائنل: پاکستان کا بدلے کا عزم، بھارت کی ہیٹ ٹرک کی تیاری
ٹورنامنٹ کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے مقابلوں نے پہلے ہی بڑے ہجوم کو اپنی طرف متوجہ کیا تھا، 14 ستمبر کے گروپ میچ میں 20 ہزار اور 21 ستمبر کے سپر فور میچ میں 17 ہزار تماشائی موجود تھے۔ تاہم فائنل کے لیے بے مثال مانگ نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
پاکستان نے 25 ستمبر کو سپر4 مرحلے میں بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے کر بھارت کے خلاف فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی تاریخ میں دونوں روایتی حریف فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔