مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینیئر نائب صدر مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی کے بعد براہِ راست جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران سے مذاکرات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کو بھارت فنڈنگ کررہا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کا الزام
میڈیا سے گفتگو میں مشتاق منہاس نے بتایا کہ وزیراعظم سے ان کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر بات چیت پہلے بھی ہو چکی ہے اور ان میں سے زیادہ تر تسلیم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا تاثر درست نہیں کہ مذاکرات نہیں ہو رہے، ایکشن کمیٹی کو مسلسل انگیج کیا گیا ہے اور وہ خود بھی اس عمل کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 میں بھی حکومت آزاد کشمیر اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدہ ہوا تھا، مگر اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا جس کے بعد کمیٹی نے اپنے 38 نکاتی مطالبات دوبارہ پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کیوں ناکام ہوئے؟ طارق فضل چوہدری نے بتا دیا
یاد رہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے کل آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزرا نے مظفرآباد جا کر مذاکرات کیے اور 38 میں سے 36 نکات مان لیے، تاہم اختلافات برقرار رہنے کے باعث احتجاج موخر نہ ہو سکا۔














