پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ہنگامہ آرائی کے دوران فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کے خلاف ’پاکستان آرمی ایکٹ‘ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت راولپنڈی جنرل ہیڈکوارٹر(جی ایچ کیو) میں اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس (سی سی سی ) کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی شرپسندوں کی جانب سے کیے گئے جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس#ArmyChief #PakistanArmy #WENews pic.twitter.com/9oFSqwzDZH
— WE News (@WENewsPk) May 15, 2023
کانفرنس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایک مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے شہدا کی تصاویر، ان کی یادگاروں کی بے حرمتی، جلاؤ گھیراؤ کے ذریعے تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑکی گئی اور ایک منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان افواج کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اب تک جمع کیے گئے ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کو پہچان لیا گیا ہے۔
کور کمانڈرز کانفرینس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فوجی تنصیبات اور دیگر نجی املاک کی توڑ پھوڑ اور افواج پاکستان کے خلاف ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمات کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ کسی بھی حالت میں فوجی تنصیبات اور پاک افواج کی ساکھ پر حملہ کرنے والے مجرموں اور حالات بگاڑنے والوں کے ساتھ کسی بھی طرح کے تحمل یا برداشت کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک افواج کے خلاف منظم پروپیگنڈے پر اظہار تشویش
پاک افواج اورملک کے خلاف بیرونی طور پراسپانسرڈ منظم پروپیگنڈہ اور اس کو اندرونی طورسہولت فراہم کرنے کی کوششوں پر بھی شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا کہ اس پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان کی افواج اور اس کی قیادت کو بدنام کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اس پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کے عوام، مسلح افواج کے ’رینک اینڈ فائل‘ کے اندردراڑ پیدا کرنا ہے۔ ایسی دشمن قوتوں کے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی جو ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
کورکمانڈرز کانفرنس میں سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پربھی زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے جاری سیاسی عدم استحکام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی اور جمہوری عمل کو تقویت مل سکے۔
پاکستان دشمنوں کے تمام عزائم ناکام بنانے کا عزم
کورکمانڈرکانفرنس میں اس بات کا بھی عزم کیا گیا کہ پاک فوج پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت سے دشمنان پاکستان کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔ شرکائے کانفرنس نے نے شہدا کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادروطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ کور کمانڈر کانفرنس نے ملک میں سیکیورٹی فورسز کے انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں پاکستان افواج کے جوانوں کی طرف سے دیے گئے دلیرانہ جواب کو سراہا اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
بریفنگ کے دوران فورم کو آگاہ کیا گیا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل ایک مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرایا گیا تاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے جب کہ یہ سارا عمل ایک ذاتی سیاسی ایجنڈے کے حصول کے لیے تھا۔