دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے اور روک تھام کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے مشترکہ اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔
ایم سی آئی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1334 مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جو 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن شکایات وصول کرکے فوری کارروائی کے لیے کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ شہری ڈی سی آفس پورٹل کے ذریعے بھی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں آوارہ کتوں کو قابو کرنے کے لیے ترامڑی میں واقع اسٹرے ڈاگ سینٹر کو فعال بنایا گیا ہے جہاں کتوں کو پکڑنے کے بعد ان کی نسبندی، حفاظتی ٹیکہ جات اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے جدید ٹی این وی آر (Trap, Neuter, Vaccinate, Release) طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں آوارہ کتوں کی بہتات، شہریوں میں خوف و ہراس
ایم سی آئی کے ریکارڈ کے مطابق جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں، دیہی علاقوں اور مارکیٹوں سے موصولہ شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 550 سے زائد آوارہ کتوں کو اسٹرے ڈاگ سینٹر منتقل کیا جا چکا ہے۔
یہ کارروائیاں سیکٹرز G-14، D-12، F-6، F-7، I-9، I-10، G-10، F-11 سمیت سیدپور، مارگلہ ٹاؤن، بارہ کہو اور ریڈ زون جیسے علاقوں میں بھی کی گئیں، جہاں شہریوں کی شکایات کے ازالے کو بروقت یقینی بنایا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور آوارہ کتوں کے مسئلے کو ہر حال میں کنٹرول کرنے کے لیے حکومتی ادارے سرگرم عمل ہیں۔














