پاکستان کے سینئر کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اداکارہ ثنا جاوید نے پاک بھارت ایشیا کپ کے فائنل میچ سے قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر آج شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوتے تو ان کے برسوں کا تجربہ نہ صرف پاکستانی ٹیم بلکہ عوام کے لیے بھی امید کی کرن بن جاتا۔ میدان میں ان کی موجودگی ہی ہمت جگانے اور فتح پر یقین دلانے کے لیے کافی ہوتی۔
ثنا جاوید کے اس بیان کے بعد بھی صارفین انہیں آڑے ہاتھوں لیتے نظر آئے۔ ایک صارف نے کہا کہ آپ جا کے اداکاری کریں جو آپ کا کام ہے یہ ہماری فیلڈ ہے۔ خالد نامی صارف نے کہا کہ اگر شعیب ملک ٹیم میں ہوتے تو پاکستانی ٹیم ثانیہ مرزا اور عمیر جیسوال کی طرح تقسیم ہو جائے گی۔
حذیفہ اعوان لکھتے ہیں کہ اگر شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہوتے تو پاکستان کبھی بھی فائنل میں نہ پہنچ سکتا جبکہ ایک صارف نے سوال کیا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے پہلے کتنے کپ جیتے ہیں؟
تنقید کے بعد انہوں نے ایک اور پوسٹ کی جس میں کہا گیا تھا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ شعیب ملک ٹیم میں ضروری ہیں، لیکن ٹیم میں ایک سینئر کا ہونا لازمی ہے، مثلاً بابر اعظم، محمد رضوان یا کوئی اور۔
واضح رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔