آزاد کشمیر میں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آج ریاست بھر میں ہڑتال ہے، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے جگہ جگہ سے راستے بند کیے ہوئے ہیں، آزاد کشمیر کے علاقے بٹل میں ایمبولینس کو راستہ نہ دینے پر شہری اسپتال نہ پہنچ سکا اور راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر ہڑتال، مسلم کانفرنس کے امن مارچ پر فائرنگ سے 11 افراد زخمی
اس کے علاوہ مظفرآباد میں ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی جانب سے مسلم کانفرنس کے امن مارچ پر فائرنگ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
🚨آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے انتشاری احتجاج کو امن مارچ نے شکست دے دی
آزاد کشمیر کے شہریوں نے انتشاری احتجاج کا حصہ بننے کی بجائے پاکستان کا جھنڈا اٹھاکر امن مارچ کا حصہ بننے کو ترجیح دی ہے۔#FailedActionCommittee pic.twitter.com/QJP6M8gCOQ
— سید عدنان بادشاہ 🇵🇰 (@syed_bacha) September 29, 2025
ذرائع کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے نہ صرف سڑکیں بند کیں بلکہ پولیس اہلکاروں پر غلیلوں اور ہتھیاروں سے حملے بھی کیے۔ ان واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ کمیٹی کے عزائم ابتدا سے ہی اشتعال انگیز اور پرتشدد تھے۔
علاقے کے عوام نے بزرگ شہری کی موت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں زبردستی ہٹا دیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی ریلیوں میں اشتہاری مجرمان بھی موجود ہیں، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ شرپسندوں اور کمیٹی کے لیڈران کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لیے میدان میں نکل چکی ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت کا دعویٰ ہے کہ آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلانے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اور ان لوگوں کو ’را‘ کی جانب سے فنڈنگ کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر ہڑتال، انٹرنیٹ سروسز معطل، نظام زندگی مفلوج
کچھ روز قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر امور کشمیر امیر مقام اور طارق فضل چوہدری مظفرآباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کیے، اور 38 میں سے 36 مطالبات تسلیم بھی کرلیے، لیکن اس کے باوجود ایکشن کمیٹی مذاکرات سے بھاگ گئی اور بات چیت کے عمل کو سبوتاژ کردیا۔