کوہاٹ: 2 گروپوں کے درمیان تصادم، فائرنگ سے 14 افراد جاں بحق

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں 2 گروپوں کے درمیان تصادم ہوا ہے اور اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد فرحان نے وی نیوز کو بتایا کہ واقعہ کوہاٹ کے شورش زدہ علاقے درہ آدم خیل میں پیش آیا ہے۔ یہاں دو قبائل کے مابین عرصے سے زمین کی حدود پر تنازعہ چلا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ان گروپوں کے مابین کوئلے کی کان کے معاملے پر کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا اور یہ معاملہ حل کرنے کے لیے جرگے بھی ہو رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کےد وران 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔ مرنے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں پہنچنے والے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ درہ آدم خیل اسلحے کی فروخت کے حوالے سے مشہور ہے اور یہاں سے مقامی قبائل بھی بھاری اسلحہ آسانی سے خرید لیتے ہیں۔

علاقے میں فائرنگ کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں جس کے بعد پولیس نے کنٹرول سنبھال کر واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp