خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبشلمنٹ کے درمیان تنازع عنقریب ختم ہو جائے گا، جس کے لیے مثبت کوششیں جاری ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 3 سے 4 سال سے چلنے والا مسئلہ ایک رات میں حل نہیں ہوگا، آہستہ آہستہ غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان مذاکرات کے لیے تیار، لیکن بات صرف ’بڑوں‘ سے ہوگی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات 2 گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہی۔
وزیراعلیٰ @AliAminKhanPTI کی @ImranKhanPTI سے اڈیالہ جیل میں اہم ملاقات
” ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان، سیکیورٹی اور متعلقہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔… pic.twitter.com/YjDqxt2h8T
— Barrister Dr Muhammad Ali Saif (@BaristerDrSaif) September 29, 2025
انہوں نے کہاکہ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان، سیکیورٹی اور متعلقہ معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
بیرسٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ نے تمام اہم معاملات پر عمران خان کو اعتماد میں لیا اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
’عمران خان کو قیام امن کے لیے قبائلی جرگوں کے انعقاد کے بارے میں بھی بتایا گیا، ملاقات میں افغانستان سے مذاکرات کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،عمران خان نے وزیراعلیٰ کو افغانستان کے ساتھ رابطہ کاری اور مذاکرات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔‘
بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان کو صوبے کی معاشی صورتحال اور بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے معیشت کی مضبوطی کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا، جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ معاشی معاملات اور بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کے لیے عمران خان نے مشیر خزانہ مزمل اسلم کو بھی طلب کر لیا۔
مشیر اطلاعات نے بتایا کہ مشیر خزانہ کو عمران خان سے مسلسل ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایات دی گئیں، جبکہ مختلف محکموں اور وزرا کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو اس ضمن میں مکمل اختیار دیتے ہوئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ عمران خان نے قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی تحریک کو مزید تیز کرنے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کو تحریک کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات دیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہونے کا کہا؟ بیرسٹر گوہر نے بتا دیا
واضح رہے کہ ایک لمبے عرصے تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے ملاقات نہیں ہورہی تھی، اور کئی بار وہ اڈیالہ جیل کے باہر سے واپس گئے۔