وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
کوئٹہ میں دھماکا ماڈل ٹاؤن میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب ہوا ہے جس کے نتیجے میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق 9 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں دھماکا، 9 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔