میٹا ٹیکنالوجی کے چیف ایگزیکٹو(سی او) مارک زکربرگ نے سماجی رابطے کی میسیجنگ ایپ ’واٹس ایپ‘ کے ایک نئے فیچرکا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی گفتگو خفیہ و محفوظ فولڈر میں رکھ سکیں گے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق زکربرگ نے آفیشل میٹا چینل پرہونے والے ‘چیٹ لاک’ نامی فیچرکے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔
یہ فیچران صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جن کے پاس واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن ہے اور یہ آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوجائے گا۔ یہ سب سے پہلے’ایپل‘ ایپلی کیشن iOSکے صارفین کے لیے جاری کیا گیا تھا۔
اس نئے فیچرکے ذریعے صارفین اپنی مطلوبہ گفتگو یعنی چیٹ کی حفاظت کر سکیں گے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے اپنی چیٹ کو صرف پاس کوڈ، فنگر پرنٹ یا فیس آئی ڈی کی تصدیق کے بعد ہی دیکھا یا پڑھا جا سکے گا۔
چوں کہ میٹا چینل پر اس فیچر کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہےاس لیے یہ بہت جلد ایپ پر دستیاب ہوجائے گا۔ اس کے ذریعے صارف کی چیٹس صرف مقفل چیٹس سیکشن میں ہی ظاہر ہوں گی۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی سیکیورٹی اور پرائیویسی کو مزید مضبوط بنا سکیں گے یہ نوٹیفیکیشن کے ذریعے پیغام بھیجنے والے کی شناخت کو بھی واضح کر دے گا۔
تفصیلات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس میں آپ اپنی رازداری والی چیٹ کو مکمل محفوظ کر سکیں گے اور یہ کسی بھی طرح خود ساختہ طور پر آپ کی چیٹ کو آپ کی موبائل کی گیلری میں بھی محفوظ نہیں ہونے دے گا۔ اس طرح کوئی اور آپ کے شیئر کردہ چیٹس یا پیغامات یا ڈیٹا کو نہیں دیکھ سکے گا کیوں کہ یہ آپ کی حساس معلومات کی مکمل طور پر حفاظت کو یقینی بنائے گا۔