تجارتی ٹیرف کے مسائل پر کشیدگی کے باوجود بھارت اور امریکا کی افواج باقاعدہ مشترکہ مشقیں کر رہی ہیں۔
بھارتی بحریہ کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس اِمفال نے بحیرۂ عرب میں امریکی بحریہ کے ارلے برک کلاس گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس گرڈلیکے ساتھ 29 ستمبر 2025 کو پاسیج ایکسرسائز میں حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیے: چین اور بھارت پر روسی تیل خریدنے پر 100 فیصد ٹیرف لگایا جائے، ٹرمپ کا یورپی یونین سے مطالبہ
یہ مشق حال ہی میں امریکا کے الاسکا میں منعقدہ بھارت-امریکا مشترکہ فوجی مشق یُدھ ابھیاس 2025 کے بعد ہوئی۔ اس مشق میں بھارتی فوج کی مدراس رجمنٹ کی بٹالین نے حصہ لیا جبکہ امریکی فوج کی آرکٹک وولوز بریگیڈ کومبیٹ ٹیم، 11ویں ایئر بورن ڈویژن نے بھی شرکت کی۔
2ہفتوں تک جاری رہنے والی مشقوں میں ہیلی بورن آپریشنز، نگرانی کے وسائل اور ڈرونز کا استعمال، پہاڑی جنگی مہارت، زخمیوں کے انخلاء، طبی امداد اور توپ خانے، ایوی ایشن و الیکٹرانک وارفیئر کے مربوط استعمال کی مشق کی گئی۔
بھارت کی سب سے بڑی کثیرالملکی بحری مشق آئندہ سال کے اوائل میں مشرقی ساحل پر شیڈول ہے، جس میں امریکی بحریہ کی شرکت بھی متوقع ہے۔