معروف بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی اور فلمساز ادیتیا چوپڑا کی شادی کوگذشتہ گیارہ برس سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، مگر اس دوران ان کی شادی کی کوئی تصویر منظر عام پر نہیں آئی۔ رانی مکھرجی نے ایک حالیہ انٹرویو میں اس معاملے پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کیوں انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر عوامی دکھانے سے گریز کیا۔
رانی مکھر جی نے کہا کہ میرے شوہر بہت نجی شخصیت کے حامل ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ چاہتے تھے کہ شادی بہت نجی رہے۔ تو ظاہر ہے کہ وہ شاید کبھی بھی شادی کی تصاویر عوام کے سامنے نہیں لانا چاہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: رانی مکھر جی نے 5بڑی بلاک بسٹر فلموں میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا؟
مزاحیہ انداز میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا لوگ ان کی شادی کی تصاویر دیکھنے کے لیے ان کی سلور جوبلی تک انتظار کریں گے تو رانی نے ہنستے ہوئے کہا، شاید! یہ ایک اچھا خیال ہے۔
اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کو پروفیشنل کیریئر سے الگ رکھنے کی بھی وضاحت کی اور کہا میری کام کی زندگی اور ذاتی زندگی بالکل مختلف ہیں۔ میں زیادہ تر موقعوں پر تب ہی سامنے آتی ہوں جب کوئی خاص وجہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: اداکاری شوق نہیں مجبوری تھی: رانی مکھر جی کا انکشاف
انہوں نے مزید کہا، مجھے لگتا ہے کہ ہر چیز سب کے لیے ظاہر کرنا ضروری نہیں کیونکہ آج کل ہم پہلے ہی بہت زیادہ نمائش میں ہیں۔ کچھ باتیں نجی ہونی چاہئیں تاکہ ہم اپنی ذاتی دنیا کی حفاظت کر سکیں۔ خاص طور پر اپنے خاندان اور نجی معاملات کو عوامی دباؤ سے بچانا ضروری ہے۔
ادیتیا چوپڑا اور رانی مکھرجی نے اپنی بیٹی آدِرا، جو 9 دسمبر 2015 کو پیدا ہوئی کو بھی میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا، تاکہ وہ ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں پرورش پا سکے۔














