اسموگ کے خاتمے اور ماحول کی حفاظت کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ پنجاب بھر میں 60 ہزار سے زائد شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا کر آگاہی مہم اور فیلڈ آپریشنز میں حصہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
محکمہ داخلہ میں پنجاب چیریٹیز کمیشن، سول ڈیفنس اور محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماحول کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اسموگ کے خلاف آگاہی مہم اور فیلڈ آپریشنز کے لیے مربوط اور منظم لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: یکم اکتوبر کو پنجاب میں فضائی معیار معتدل، اسموگ سے بچاؤ کے انتظامات جاری
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ سول ڈیفنس میں رجسٹر ہونے والے رضاکار ہر قسم کے ہنگامی حالات میں متاثرین کی مدد کریں گے۔ اب تک 37,532 مرد اور 23,314 خواتین نے رضاکارانہ خدمات کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے، اور رجسٹریشن میں گوجرانوالہ پہلے، جہلم دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رجسٹریشن میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور مختلف تعلیمی قابلیت کے حامل شہری حصہ لے رہے ہیں۔ سول ڈیفنس کے رضاکار نہ صرف اسموگ بلکہ دیگر آفات اور ہنگامی صورتحال میں بھی عوام کی مدد کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا اسموگ کیس میں تحریری حکم نامہ جاری، درختوں کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری پر زور
ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ بطور رضاکار خدمات سرانجام دینے والوں کو خصوصی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ رجسٹریشن کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کا آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK فعال ہے اور متعلقہ اضلاع میں سول ڈیفنس انتظامیہ رجسٹر ہونے والے شہریوں سے خود رابطہ کر رہی ہے۔