پاکستان تحریک انصاف نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس کے دھاوے اور صحافیوں و کشمیری مظاہرین پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پرامن کشمیری مظاہرین اور صحافیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، خواتین سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا، پریس کلب کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ موجودہ حکومت نہ تو کشمیری عوام کے جائز احتجاج برداشت کر سکتی ہے اور نہ ہی آزاد صحافت کو۔ حکومتی وزرا کی جانب سے محض نوٹس اور معافی کو اس بربریت کے سامنے ایک مذاق قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پریس کلب میں پولیس داخل اور توڑ پھوڑ، ’اب تو صحافی پریس کلب میں بھی محفوظ نہیں’
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث پولیس افسران اور ذمہ دار حکام کو فوری طور پر معطل کرکے گرفتار کیا جائے، زخمی صحافیوں اور کشمیری مظاہرین کو معاوضہ اور بہترین علاج فراہم کیا جائے، جبکہ آزاد عدالتی کمیشن قائم کرکے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا کہ یہ حکومت اپنی ناکامیوں اور کشمیری عوام پر مظالم چھپانے کے لیے صحافیوں اور مظاہرین پر طاقت استعمال کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی نے اعلان کیا کہ وہ کشمیری عوام، صحافی برادری اور جمہوری حقوق کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر انصاف نہ ملا تو ملک گیر احتجاج سمیت ہر قانونی و سیاسی محاذ پر حکومت کو بے نقاب کیا جائے گا۔