بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہاپڑ میں ایک گھریلو جھگڑا خونریز انجام تک جا پہنچا۔
بیوی سے معمولی تکرار کے بعد سسرالی رشتہ داروں نے اپنے داماد ’سونو‘ کو نہ صرف بری طرح پیٹا بلکہ ہائی وے پر اس کا تعاقب کرتے ہوئے اسے زہر پلانے کا بھی الزام ہے۔ سونو زخمی حالت میں اسپتال پہنچا مگر علاج کے دوران دم توڑ گیا۔
جھگڑے کے بعد سسرالیوں کو بلاوا
پولیس کے مطابق بدھ کی صبح سونو اور اس کی بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا۔ بیوی نے فوری طور پر اپنے والدین کو اطلاع دی اور بلندشہر سے گھر والے ہاپڑ پہنچ گئے۔ وہاں پہنچتے ہی سسرالیوں نے داماد پر حملہ کر دیا۔
ہائی وے پر خوفناک تعاقب
عینی شاہدین کے مطابق سونو جان بچانے کے لیے ہائی وے کی طرف بھاگا، مگر اس کے سسرالیوں نے اس کا پیچھا کیا۔ جو لوگ بیچ بچاؤ کرنے کی کوشش کرتے، ان سے بھی بدتمیزی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ملبرن، سسرالیوں کو زہریلے مشروم کھلا کر قتل کرنے والی خاتون کو 3 بار عمر قید کی سزا
سڑک پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گروہ ہاتھوں میں ڈنڈا لیے سونو کو پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
’بیٹے کو زہر دیا گیا‘
سونو کی ماں سکھویری نے الزام لگایا کہ معمولی جھگڑا ہر گھر میں ہوتا ہے مگر سسرالیوں نے حد پار کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے اپنی بیوی کے لیے سب کچھ کیا، حتیٰ کہ ایک بیگھا زمین بھی بیچ دی۔ مگر سسرالیوں نے اسے زہر دے کر مار ڈالا۔
یہ بھی پڑھیں:شادی کے بعد سسرال میں مختصر لباس پہننے کی اجازت نہیں تھی، ایشا دیول کا انکشاف
پولیس کا مؤقف اور مقدمہ درج
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ سونو نے زہریلا مادہ پیا تھا، جس کے باعث دورانِ علاج اس کی موت واقع ہوئی۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر انیتا چوہان کے مطابق مقدمہ 7 افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جن میں بیوی بھی شامل ہے۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے، قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔