وفاقی حکومت کے نمائندوں اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم ایکشن کمیٹی کے کور ممبران کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔
مظفرآباد میں جاری مذاکرات میں وفاق کی جانب سے سینیٹر رانا ثنااللہ، احسن اقبال، قمر زمان کائرہ اور دیگر شریک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: وفاق اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان موبائل فون سروس کی بحالی سمیت 90 فیصد معاملات طے
ایکشن کمیٹی کے مظفرآباد سے کور ممبر شوکت نواز میر کے آفیشل فیس بک پیج سے کچھ دیر قبل اعلان کیا گیا کہ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں تاہم کچھ دیر بعد راولاکوٹ کے کور ممبر عمر نذیر کے آفیشل پیج پر بتایا گیا کہ مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
بعدازاں شوکت نواز میر کے آفیشل پیج پر بتایاگیا کہ کہ ان کا پیج ہیک ہو گیا تھا اور مذاکرات کامیابی والی ہوسٹ ہٹا دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مہاجرین کی نشستوں پر کمیٹی بنانے کے حوالے سے شوکت نواز میر نے اتفاق کیا تاہم عمر نذیر نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں آج ہڑتال کو 5واں روز ہے جس کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت، معاملات طے ہونے کا امکان
مظفرآباد میں جاری مذاکرات کے حوالے سے قبل ازیں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بتایا تھا کہ مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جلد حتمی معاہدے پر دستخط ہوں گے، عوامی مفادات اور امن ترجیع ہیں۔