صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے بیرون ملک ہونے کے باعث اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائم مقام صدر کے طور پر عہدہ سنبھال لیا۔
آئین کے آرٹیکل 49 کی شق (2) کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق قائم مقام صدر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری 27 ستمبر 2025 کو متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ ہوئے تھے جس کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی قائم مقام صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔
صدر سیکریٹریٹ (پبلک) کے مطابق قائم مقام صدر پاکستان / چیئرمین سینیٹ اب 4 اکتوبر سے 12 اکتوبر 2025 تک برطانیہ اور یورپ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
سردار ایاز صادق صدر پاکستان کی وطن واپسی تک قائم مقام صدر کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔