عائشہ عمر نے “ڈیجیٹل ڈیٹوکس” کا سہارا کیوں لیا؟

منگل 16 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیکنالوجی کے ساتھ ہمارا تعلق ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔ یہ ہماری زندگی میں اس حد تک سرایت کر چکی ہے کہ ان جدید آلات سے دور رہنا مشکل نظر آتا ہے۔ ٹیکنالوجی نے ہماری زندگیوں کو اتنا بدل دیا ہے کہ ہمارے تعلقات ڈیجیٹائز ہو گئے ہیں، ہماری ترجیحات کے نظام میں بھی تبدیلی آ گئی ہے۔

ٹیکنالوجی نے ہی حقیقی زندگی میں بات چیت کو اسکرین کے ذریعے رابطوں سے تبدیل کر دیا ہے۔ ہم ملنے جلنے سے زیادہ واٹس ایپ گروپس اور ویڈیو کالز پر انحصارکرتے ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال اتنا زیادہ ہو گیا ہے کہ اگر ان آلات سےدوری اختیار کرنے کی کوشش بھی کریں تو یہ تقریباً نا ممکن سا لگتا ہے، ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے خود کو تباہ کر رہے ہیں اور مزید ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں جس کے صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترک کر کے اور خود کو ذہنی پریشانیوں سے نجات دلانے کے لیے آج کل ڈیجیٹل ڈیٹوکس کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

حال ہی میں پاکستان کی نامور اداکارہ عائشہ عمر نے بھی دو ہفتوں کے لیے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں لکھا تھا کہ میں دو ہفتوں کے لیے سب سے رابطہ ختم کر رہی ہوں اور اس دوران موبائل فون، انٹرنیٹ اور واٹس ایپ سمیت کسی بھی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کروں گی۔

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کےاس فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اپنے لیے وقت نکالنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے۔

’ڈیجیٹل ڈیٹوکس‘ کیا ہے؟

ڈیجیٹل ڈیٹوکس ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو کچھ وقت کے لیے ترک کرنے، لوگوں کو اضطراب سے نجات دلانے اور اسکرینوں سے دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ڈیجیٹیل ڈیٹوکس کے لیے موبائل اور سوشل میڈیا سے کئی دنوں تک وقفہ لینا ہوتا ہے تاکہ تناؤ اور اضطراب کو کم کیا جا سکے۔

اس کے ذریعے ڈیجیٹل آلات اور انٹرنیٹ، موبائل فون اورجدید گیجٹس سے خود کو دور رکھ کر تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کر دیا جاتا ہے تاکہ آپ اپنے آپ کو وقت دیں اور اس میں لوگوں کے ساتھ میل ملاپ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

یہ ٹیکنالوجی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے بجائے ذہن سازی کی مشق میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ڈیجیٹل ڈیٹوکس کے لیے مددگار چند طریقے؟

ذہنی تناؤ کو دور کرنے کے لیے ڈیجیٹیل ڈیٹوکس کے بہت سے طریقے ہیں، اس سے انسان کے خود کے ساتھ تعلق کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

ڈیجیٹیل اثاثوں سے گزیز کرتے ہوئے سرسبز جگہوں پر وقت گزارنا، کیمپنگ اور مہم جوئی کرنا، پسندیدہ مشغلوں میں وقت صرف کرنا اور ٹیکنالوجی سے زیادہ حقیقی زندگی میں رابطے بڑھانا اس کے بہترین  طریقے ہیں جو ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں مددگارثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے لیے بہتر ہے کہ باہر جاتے وقت کوئی بھی ڈیجیٹل اثاثہ استعمال کرنے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو بھرپور وقت دیں۔

 

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp