اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو فضا میں ہی مار گرایا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق کچھ دیر قبل اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بجنے والے سائرنز کے بعد یمن سے فائر کیا گیا میزائل اسرائیلی فضائیہ نے روک لیا۔ سائرنز پروٹوکول کے تحت بجائے گئے۔
حوثی باغی، جو ایران کی حمایت یافتہ ہیں، باقاعدگی سے اسرائیل کی جانب ڈرون اور میزائل بھیجتے ہیں، تاہم ان میں سے زیادہ تر راستے ہی میں مار گرائے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا نے حوثی باغیوں اور ان سے منسلک کمپنیوں پر پابندی عائد کردی
گزشتہ ماہ ایک ڈرون حملہ، جس کی ذمہ داری حوثیوں نے قبول کی، اسرائیلی دفاعی نظام کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ اس حملے میں سیاحتی مقام ایلات میں 22 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس کے جواب میں اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے، جن میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔