وزیرِاعظم شہباز شریف آج ملائیشیا کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔
دورے کے دوران ان کی ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دونوں رہنما تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ہم پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ملائشیائی وزیراعظم
اس موقع پر کئی موجودہ اور نئے شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور سینیئر حکام شامل ہیں۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان مضبوط اور دیرپا تزویراتی شراکت داری کا عکاس ہے، جو باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور وسیع شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہے۔














