مائیکرو سوفٹ نے آئی فون صارفین کو اپنا فون کمپیوٹر سے منسلک کرنے کی سہولت فراہم کردی ہے۔ آئی فون صارفین اب ونڈوز 11 کے حامل کمپیوٹر سے اپنا فون منسلک کر سکیں گے۔
مائیکروسوفٹ کا یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پہلے ہی دستیاب ہے۔ اینڈرائیڈ صارفین اپنے اسمارٹ فونز کو اپنے کمپیوٹر سے منسلک کر سکتے ہیں۔
آئی فون کے مالکان جن کا کمپیوٹر ونڈوز 11 پر ہے وہ اب اپنے فون کو کمپیوٹر سے لنک کر سکتے ہیں۔ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے فون لنک کے برعکس، آئی او ایس ورژن فی الحال کالز، پیغامات اور رابطوں تک رسائی جیسی بنیادی فعالیت کو سپورٹ کرتا ہے۔
یہ ونڈوز فوٹو ایپلی کیشن میں آئی کلاؤڈ فوٹو انٹیگریشن بھی لاتا ہے، جس سے صارفین اپنے کمپیوٹر پر اپنے آئی فونز سے تصاویر دیکھ سکیں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ فون لنک ایپ اینڈرائیڈ فونز پر صارفین کو کچھ ایپس کو اسٹریم کرنے اور ڈیسک ٹاپ اسکرین کے ذریعے کنٹرول کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
اس سے قبل کمپنی نے اپریل میں ونڈوز 11 کے لیے فوٹو لنک ایپ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اب مائیکروسوفٹ نے اعلان کیا ہے کہ نیا فیچر 85 ممالک میں 39 زبانوں میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
آئی او ایس کے لیے فون لنک ایپ آئی فون سے وائی فائی، موبائل ڈیٹا نیٹ ورک، یا فوری ہاٹ اسپاٹ کے ذریعے منسلک ہوتی ہے۔ یہ خصوصیت آئی پیڈ کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ اس سے قبل مائیکروسوفٹ نے اپریل میں آئی او ایس کے لیے فون لنک ایپ لانے کا اعلان کیا تھا۔
مائیکرو سوفٹ انتظامیہ نے کہا تھا کہ یہ فیچر مئی کے وسط سے دستیاب ہو گا۔ کمپنی کے مطابق یہ سروس اب تمام آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرا دی گئی ہے۔
مائیکروسوفٹ کے مطابق آئی او ایس کے لیے فون لنک صرف آئی او ایس 14 یا اس سے نئے پر چلنے والے آئی فون ماڈلز پر دستیاب ہو گی۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے، آپ کے پاس ونڈوز 11 اور بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی کے ساتھ کمپیوٹر ہونا ضروری ہے۔ فون لنک ایپ کو ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
ایپ کو ترتیب دیتے وقت صارفین آئی او ایس کو منتخب کریں اور اپنے فون اور اپنے کمپیوٹر دونوں پر ایک ہی مائیکروسوفٹ اکاؤنٹ میں سائن ان کریں۔ اس کے بعد کمپیوٹر پر دکھائی جانے والے کیو آر کوڈ کو اسکین کریں تو دونوں ڈیوائسز آپس میں منسلک ہو جائیں گی۔ جس سے آپ ونڈوز 11 پر فعال اپنے کمپیوٹر کے ذریعے اپنے آئی فون تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔