پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل کو ان کے عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ پی ٹی آئی کے مرکزی واٹس ایپ گروپ میں شیئر کیے گئے ایک آڈیو پیغام میں سامنے آیا۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے “ترجمان” فراز مغل کو ایک روز میں ہٹانے کا مطالبہ کردیا، جنید اکبر کا مبینہ آڈیو پیغام لیک
وزیراعلی نے ایسے نمونے پیدا کئے، میں نے ٹویٹ میں جس کی طرف اشارہ کیا اسکو یہ بھی سمجھ نہیں آتی، وزیراعلی کی… pic.twitter.com/jvHDNXyf25
— Kamran Ali (@akamran111) October 5, 2025
آڈیو پیغام میں جنید اکبر نے الزام عائد کیاکہ وزیراعلیٰ کی تشکیل کردہ ٹیم مسائل حل کرنے کے بجائے اُنہیں مزید بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سینیٹر ایمل ولی کی سیکیورٹی سے متعلق اُن کی ٹوئٹ پر فراز مغل نے تنقید کی، جب کہ ماضی میں بھی وہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ایسی حرکات کر چکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق اگر وزیراعلیٰ کا ترجمان اُن کے خلاف ٹوئٹ کرتا ہے تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اسے وزیراعلیٰ کی پشت پناہی حاصل ہے۔
جنید اکبر نے کہاکہ وہ پہلے ہی یہ معاملہ وزیراعلیٰ کے علم میں لا چکے ہیں، لیکن اگر فراز مغل کو کل تک عہدے سے نہ ہٹایا گیا تو وہ سخت ردِعمل دیں گے۔
اپنے آڈیو پیغام میں انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر میں یہ کہہ دوں کہ تمہاری اتنی حیثیت نہیں کہ آئی جی تمہاری بات سنے، تو پھر کیا کرو گے؟
پیغام کے اختتام پر جنید اکبر نے اعلان کیا کہ وہ اس واٹس ایپ گروپ کو چھوڑ رہے ہیں جہاں ایسے افراد موجود ہوں جو پارٹی قیادت کی توہین کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کارکنان ان سے سوال کررہے ہیں کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لے کردار کیوں نہیں ادا کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات عمران خان کی رہائی میں حائل ہیں؟
گزشتہ ماہ پشاور میں ہونے والے جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف نعرے لگانے کے علاوہ ان پر بوتلیں پھینکی گئی تھیں۔
دوسری جانب پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات بھی علی امین گنڈاپور کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں۔














