وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی معیشت سے متعلق بلوم برگ کی حالیہ مثبت رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ ملکی معیشت میں عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔ اب ترقی کا سفر ہرگز نہیں رکے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ (CDS) میں 2,200 بیسس پوائنٹس کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جو ڈیفالٹ کے خدشات میں خاطر خواہ کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان نے ٹرمپ دور میں بازی پلٹ دی، بھارت پیچھے رہ گیا: بلوم برگ
انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت ترکیہ کے بعد پاکستان دوسرے نمبر پر ہے، جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے اختتام پر ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا، مگر آج کی یہ رپورٹ ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری: بلوم برگ رپورٹ پر وزیراعظم کا اظہارِ اطمینان
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی انتھک کوششوں اور ملکی و غیر ملکی کاروباری برادری کے تعاون سے ترقی کا وعدہ پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ اب یہ ترقی کا سفر ہرگز نہیں رکے گا۔














