پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25 اکتوبر 2025 سے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان نان اسٹاپ پروازیں چلائی جائیں گی۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ پی آئی اے کی دو ایئر ہوسٹسز کے ہمراہ موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مبارک ہو! پی آئی اے 25 اکتوبر کو اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے اپنی پہلی پرواز کا آغاز کرے گی، یوں یہ برطانیہ کی فضاؤں میں واپس آنے والی پہلی پاکستانی ایئرلائن بن جائے گی۔
Mubarak! PIA is set to make its first flight from Islamabad to Manchester on 25 October, the first Pakistani carrier to return to UK skies. pic.twitter.com/KRCbBlrsKj
— Jane Marriott (@JaneMarriottUK) October 6, 2025
واضح رہے کہ پی آئی اے کو حال ہی میں برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ اور تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری ملی ہے، جس کے بعد پروازوں کی بحالی ممکن ہوئی۔
جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کو پروازوں کے لیے درخواست دینے کی اجازت ملی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کے لیے پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کی جائیں گی، پی آئی اے کا اعلان
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سیکیورٹی معائنہ کیا اور حفاظتی اقدامات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔
خیال رہے کہ جون 2020 میں کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کے ایئربس اے 320 طیارے کے حادثے کے بعد قومی ایئرلائن پر یورپ، برطانیہ اور امریکا کے لیے پروازیں چلانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی ہائی کمشنر کا پی آئی اے کے ساتھ یادگار سفر، تجربہ کیسا رہا؟
اس واقعے میں تقریباً 100 مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے بعد اس وقت کے وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان نے 262 پائلٹس کے لائسنس کو مشکوک قرار دیتے ہوئے معطل کیا تھا۔
یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی نومبر 2024 میں ختم کر دی گئی تھی، جس کے بعد اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔














