وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے پہلے اشتعال انگیز حرکت کی تو اسے دنیا بھر میں ذلت اٹھانا پڑی، اب اگر دوبارہ کوئی ایڈونچر کرےگا تو پہلے سے زیادہ رسوائی اٹھانا پڑےگی۔
پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں بھارت کے اقدامات نے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور اس کی عزت خاک میں ملی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ میں 7 سے زیادہ جہاز گرے، دوبارہ جنگ ہوئی تو پھر مداخلت کریں گے، ٹرمپ
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت مستقبل میں کسی قسم کا کوئی منصوبہ بنائے گا تو پاکستان اسی روایتی انداز میں بھرپور ردِعمل دے گا جیسا پہلے دیا گیا تھا اور اسی طرح کامیابی نصیب ہوگی۔
وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہاکہ جو کوششیں بھارت کررہا ہے وہ جزوی طور پر داخلی انتخابی اور سیاسی حالات کی وجہ سے ہیں اور ان کوششوں کا اندرونی پس منظر موجود ہے۔
غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ وہاں مسلمانوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور امن کے کسی منصوبے کی وجہ سے غزہ میں امید کی کرن دکھائی دے رہی ہے۔
ان کے مطابق اس سلسلے میں حتمی صورتحال جلد واضح ہو جائے گی اور ابھی کچھ معاملات کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔
انہوں نے کہاکہ فلسطین ایک ریاست کی شکل اختیار کرےگا اور وہ اپنے ملک میں آزادانہ سانس لے سکے گا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ فلسطینی حقوق کا دفاع کرے اور ان کے ساتھ کھڑی ہو، دنیا میں لوگوں کا سڑکوں، بازاروں اور شہروں میں نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ کے 3 ماہ بعد انڈین فضائیہ جاگ گئی، 6 پاکستانی جہاز تباہ کرنے کا انوکھا دعویٰ
واضح رہے کہ بھارتی کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی ہے، جس کے جواب میں افواج پاکستان نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کوئی ایڈونچر کیا گیا تو بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے سخت جواب دیا جائےگا۔














