عوام حقیقی آزادی کی تحریک کے لیے کال کا انتظار کریں، خوف کا بُت توڑ پھینکنا ہوگا: عمران خان

منگل 16 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام خوف کے بت کو توڑیں اور آئندہ کی کال کا انتظار کریں۔ جب عوام نے فیصلہ کر لیا تو ہم آزاد ہو جائیں گے کیوں کہ 70 سے 80 ہزار پولیس فورس 23 کروڑ عوام کے سامنے کوئی معنی نہیں رکھتی۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ چنگیز خان جب ایک شہر فتح کرتا تھا۔ قتل عام کرتا تھا اور پھر تھوڑے سے جن لوگوں کو زندہ چھوڑتا تھا ان کو کہتا تھا کہ دنیا کو بتاؤ کہ میری کتنی دہشت ہے۔ اس کی وجہ سے شہری پہلے ہی ہاتھ کھڑے کر دیتے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان میں بھی یہی ہو رہا ہے۔ ظلم کی داستانیں ٹی وی پر چلائی جا رہی ہیں۔ لوگوں کے گھر توڑنے کی ویڈیوز ٹی وی پر چلائی جا رہی ہیں۔ خواتین کی بے حرمتی جو آج کی جا رہی ہے کبھی ایسا نہیں ہوا۔

عوام کو ڈرانے کے لیے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ سڑک پر کھڑے لوگوں کو اٹھا کر جیل میں ڈالا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بتائیں کہ ہمارے سامنے کوئی کھڑا ہوگا تو اس کے ساتھ اس طرح کا ظلم کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے ہم سب کو قربانیاں دینا پڑیں گی۔ عوام فیصلہ کر لیں کہ ہم ان چوروں کی غلامی نہیں کریں گے۔ ہمیں صاف اور شفاف الیکشن چاہییں اور جس طرح سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا یہ ہمیں برداشت نہیں ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب بھی اگلی کال کا اعلان کیا جائے آپ نے پُر امن طریقے سے باہر نکلنا ہے کوئی توڑ پھوڑ نہیں کرنی۔ اپنے حقوق کے لیے پر امن جدوجہد کرنی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp