پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حالیہ حملے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور اس واقعے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر عائد کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹا دیا، سہیل آفریدی نئے قائد ایوان نامزد
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے اور نوجوان رکنِ اسمبلی سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے سہیل آفریدی کے وزیرِ اعلیٰ کے پی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ #منافقت_کیوں_کرتے_ہو pic.twitter.com/nDwE3BvNj6
— Ayesha (@Hamnaasaghir) October 8, 2025
انہوں نے کہاکہ عمران خان کے مطابق خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والی بگڑتی صورتحال پر علی امین گنڈاپور کو اب مزید وزیراعلیٰ کے طور پر کام نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق صوبے کی موجودہ حالت قابو سے باہر ہو چکی ہے اور قیادت میں تبدیلی ناگزیر ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے زور دیا ہے کہ وہ گزشتہ دو سال سے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے آ رہے ہیں، جنہیں وہ مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کو ان پالیسیوں سے خود کو الگ کر لینا چاہیے، کیونکہ یہ محض تصادم پر مبنی حکمت عملی ہے۔
عمران خان کے مطابق جب تک تین اہم فریقوں کو امن عمل میں شامل نہیں کیا جاتا، نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کا وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹا کر سہیل آفریدی کو نیا قائد ایوان نامزد کردیا ہے، جس کے بعد علی امین گنڈاپور نے استعفیٰ دے دیا۔