ورلڈ فائر اینڈ ریسکیو اسپورٹ چیمپئن شپ کی قرعہ اندازی کی تقریب 27 اکتوبر کو ریاض میں منعقد ہوگی۔
یہ ایونٹ انٹرنیشنل اسپورٹ فیڈریشن آف فائر فائٹرز اینڈ ریسکیورز (ISFFR) کے زیرِ اہتمام اور سعودی محکمہ سول ڈیفنس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں 21 ممالک کے کھلاڑی شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب ورلڈ کپ فائنلز کے قریب تر، الشامات اور البریکان کی شاندار کارکردگی
تقریب میں آئی ایس ایف ایف آر کے نمائندے، بین الاقوامی ریفری اور شرکت کرنے والے ممالک کے وفود کے سربراہان شریک ہوں گے۔ قرعہ اندازی کے نتائج کی بنیاد پر انفرادی اور ٹیم مقابلوں کا شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔
چیمپیئن شپ میں 4 مرکزی مقابلے شامل ہوں گے۔ ہُک لیڈر چڑھائی، 100 میٹر رکاوٹ دوڑ، 4×100 میٹر ریلے اور فائر فائٹنگ کانٹیسٹ۔
مزید پڑھیں: برطانوی مہم جو ایلس موریسن کا سعودی عرب کو پیدل عبور کرنے کا تاریخی سفر
یہ عالمی ایونٹ سعودی عرب کی سول ڈیفنس اور عوامی تحفظ کے شعبے میں قائدانہ حیثیت کو اجاگر کرتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ریسکیو و فائر فائٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس 2024 میں یہ مقابلے چین میں منعقد ہوئے تھے۔
ایونٹ میں ایشیا، یورپ اور افریقہ کے ممالک کی بھرپور شرکت متوقع ہے، جو مملکت کی اعلیٰ تنظیمی صلاحیت اور بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔












