بالی ووڈ کی نامور شخصیات نہ صرف اپنی اداکاری، اندازِ زندگی اور شہرت کے حوالے سے توجہ کا مرکز بنتی ہیں، بلکہ ان کے بچوں کے نام بھی اکثر عوامی دلچسپی کا باعث بنتے ہیں۔ متعدد ستارے اپنے بچوں کے لیے ایسے ناموں کا انتخاب کرتے ہیں جو نہ صرف منفرد ہوں بلکہ اپنے اندر ایک گہرا معنوی پہلو بھی سموئے ہوئے ہوں۔
ارباز خان اور شوری خان کی بیٹی سپارہ خان:
حال ہی میں اداکار ارباز خان اور ان کی اہلیہ شُوری خان نے اپنی بیٹی کا نام سِپارہ رکھا، جو عربی زبان سے ماخوذ ہے اور قرآنِ مجید کے 30 حصوں میں سے ایک حصے کو سِپارہ کہا جاتا ہے۔ یہ نام روحانیت اور عقیدت کی عکاسی کرتا ہے، جو اس جوڑے کی مذہبی وابستگی اور اپنی بیٹی کے لیے وقار و انفرادیت کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی بیٹی راہا کپور:
اسی طرح، اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے اپنی بیٹی کا نام راہا رکھا، جو مختلف زبانوں میں مختلف خوبصورت مفاہیم رکھتا ہے سواحیلی میں ’خوشی‘، سنسکرت میں ’نسب‘ اور عربی میں ’سکون‘۔ یہ نام خوشی، خاندانی وراثت اور امن کا امتزاج ہے۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کا بیٹا اکائے:
اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر ویرات کوہلی کے بیٹے کا نام اکائے ہے، جو سنسکرت میں ’بے جسم‘ یعنی لا محدود امکانات کا اظہار ہے، جبکہ ترکی زبان میں یہ ’مکمل چاند‘ کو ظاہر کرتا ہے۔

رچا چڈھا اور علی فضل کی بیٹی زنیرا عیدا:
اداکار جوڑا رچا چڈھا اور علی فضل نے اپنی بیٹی کا نام زنیرا عیدا رکھا ہے، جس میں ’زنیرا‘ کا مطلب عربی میں ’جنت کا پھول‘ اور ’عیدا‘ کا مطلب ’محنتی‘ ہے، جو خوبصورتی اور محنت کو یکجا کرتا ہے۔

اداکار کنال کیمو اور سوہا علی خان کی بیٹی انایہ نومی:
اسی فہرست میں اداکار کنال کیمو اور سوہا علی خان کی بیٹی انایہ نومی بھی شامل ہے، جہاں ’انایہ‘ کا مطلب ہے ’نعمت‘ اور ’نومی‘ کا تعلق ہندو تہوار ’نوراتری‘ کے نویں دن سے ہے، جو دیوی درگا سے منسوب ہے۔

یہ تمام نام اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ آج کے بالی ووڈ ستارے اپنے بچوں کے نام رکھتے وقت نہ صرف خوبصورتی بلکہ تہذیب، روحانیت اور وراثتی پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔














