پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کے بڑھتے بیانات، پیپلز پارٹی پنجاب کا صوبائی حکومت کے ساتھ مزید چلنے سے انکار
جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نہ صرف سیاسی معاملات بلکہ خارجہ پالیسی اور حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان حالیہ سیلابی صورتحال پر امدادی اقدامات کے حوالے سے بیانات کی جنگ شدت اختیار کر چکی تھی تاہم صدر مملکت آصف زرداری اور ن لیگ کے وفد کی نوابشاہ میں ملاقات کے بعد لگتا ہے کہ اب دونوں اتحادیوں میں ’سیزفائر‘ ہوچکا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تنقید روزانہ کی بنیاد پر پریس کانفرنسوں اور بیانات کے ذریعے کی جا رہی تھی۔
مزید پڑھیے: وفاقی وزرا کی صدر زرداری سے اہم ملاقات، پیپلز پارٹی اور ن لیگ بیان بازی روکنے پر متفق
اس کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کو پانی کے حقوق کے معاملے پر کھری کھری سنا دیں اور کہا کہ انہیں مشورے دینے کی ضرورت نہیں۔
مزید پڑھیں: ن لیگ پی پی کشیدگی: سینیٹر پلوشہ خان نے شہباز شریف اور مریم نواز کو نشانے پر رکھ لیا
گزشتہ ہفتے ایک عوامی خطاب میں مریم نواز نے واضح کیا کہ وہ اپنے بیانات پر معذرت نہیں کریں گی۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر ’غلط تنقید‘ کرنے پر پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اس کے ردعمل میں سندھ میں برسراقتدار پیپلز پارٹی کے اراکینِ اسمبلی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں سے بطور احتجاج واک آؤٹ کیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم شہباز شریف کا فون
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال، سیلاب اور خارجہ پالیسی پر بات چیت@BBhuttoZardari @CMShehbaz
— PPP (@MediaCellPPP) October 9, 2025
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری جیسے سینیئر رہنماؤں نے مداخلت کی ہے تاکہ تناؤ کو کم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: مریم نواز وزیراعظم بننے کی تیاری کررہی ہیں، فیصلہ وقت پر ہوگا، رانا ثنااللہ کا انکشاف
صدر زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی رابطہ کیا ہے اور معاملہ سلجھانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔