بالی ووڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیرِاعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا کردار ادا کرنا اُن کے فنی سفر کا سب سے مشکل مرحلہ تھا۔ انوپم کھیر کے مطابق، ان کی شخصیت، لب و لہجہ اور حرکات و سکنات کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے اُنہوں نے کئی ماہ تک مسلسل مشق کی۔
ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے انوپم کھیر نے کہا کہ گاندھی جی اور ٹیگور جیسے تاریخی شخصیات کے لیے ہمارے پاس کافی دستاویزی مواد موجود ہوتا ہے، جیسے کہ پرانی تصاویر، ویڈیوز اور فلمیں، جن کی مدد سے اُن کی شخصیت کو سمجھا جا سکتا ہے۔ مگر ڈاکٹر منموہن سنگھ کا معاملہ مختلف تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں گاندھی کی جگہ انوپم کھیر کی تصویر والے نوٹ برآمد، ویڈیو وائرل
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمارے دور کی شخصیت ہیں، جنہیں ہم نے ٹی وی پر، تقاریر میں اور خبروں میں دیکھا ہے۔ اُن کا اندازِ گفتگو، جسمانی حرکات اور نرم لہجہ سب کچھ بہت نپا تُلا اور خاص تھا۔ اس لیے یہ کردار تلوار کی دھار پر چلنے کے مترادف تھا۔
انوپم کھیر نے بتایا کہ اُنہوں نے تقریباً 5سے 6 ماہ تک ڈاکٹر سنگھ کے اندازِ، چلنے پھرنے اور بات کرنے کی ریہرسل کی۔ ان کے مطابق ’ہم لندن کے ایک دیہی علاقے میں شوٹنگ کر رہے تھے۔ پہلے دن جب میں سیڑھیاں چڑھنے اور اترنے کی مشق کر رہا تھا، کسی نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی۔ وہ ویڈیو اتنی حقیقت پسندانہ تھی کہ لوگوں کو یقین نہیں آیا کہ وہ میں ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: زیرِ سمندر اسکوٹر رائیڈنگ کا انوکھا اور دلچسپ تجربہ
اداکار نے ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا، جس سے اُن کی تیاری کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر سنگھ کی آواز کا ایک مخصوص انداز ہے۔ ایک دن میں نے مذاقاً اپنے دہلی والے دوست کو اُن کی آواز میں فون کیا۔ میرے دوست کو یقین ہو گیا کہ فون ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کیا ہے۔ میرے لیے یہ لمحہ سب سے بڑا امتحان تھا اور کامیاب بھی۔
انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں انوپم کھیر نے اپنے تین اہم تاریخی کرداروں رابندر ناتھ ٹیگور، مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تصاویر کا ایک کولاج شیئر کیا۔ کیپشن میں انہوں نے لکھا تین کردار، ایک اداکار! کبھی کبھی اپنے آپ کو اور دوسروں کو اپنی قدر کا احساس دلانا ضروری ہوتا ہے۔
انوپم کھیر کی ٹیگور پر مبنی فلم تاحال ریلیز نہیں ہوئی، تاہم اُن کے سابقہ کام کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ پرفارمنس بھی اُن کے فنی کیریئر کا ایک یادگار اضافہ ہوگی۔