پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ہیڈکوارٹر پر پولیس کے چھاپے کی مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی احتجاج کے نام پر فساد پھیلا رہی ہے، طلال چوہدری
پی ٹی آئی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہے ٹی ایل پی ہیڈکوارٹر میں پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور اطلاعات کے مطابق جانی نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔

پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی جماعتوں پر ریاستی جبر آئینِ پاکستان، جمہوری اقدار اور شہری آزادیوں کے منافی ہے، ہر شہری اور سیاسی جماعت کو آزادیِ اجتماع اور پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے، جسے کسی صورت سلب نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: اقصیٰ مارچ: ٹی ایل پی کے کارکنان کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کیوں کیا؟
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ غزہ اور فلسطین میں جاری نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانا جرم نہیں بلکہ خاموش رہنا جرم ہے، دنیا میں ہونے والے ظلم کے خلاف بولنا ہر ذی شعور انسان کا اخلاقی فریضہ ہے۔
پی ٹی آئی نے اعادہ کیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کے جمہوری حقوق، تحفظ اور آزادیِ اظہار کے حق میں ہمیشہ کھڑی رہے گی۔













