ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور امیر ترین بھارتی مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے قریبی ساتھی اور ریلائنس پاور لمیٹڈ کے سینئر افسر آشوک کمار پال کو ہفتے کے روز منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کیس کا تعلق مبینہ بینک لون فراڈ سے ہے جس کی مالیت تقریباً 17 ہزار کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: امیر ترین افراد کی فہرست، مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑنے والی خاتون کون ہیں؟
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق، آشوک کمار پال پیشے کے لحاظ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور 25 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ گزشتہ سات برس سے مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کی کمپنی ریلائنس پاور میں چیف فنانشل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
منی لانڈرنگ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ انیل امبانی کی مختلف کمپنیوں نے مالی بے ضابطگیوں اور قرضوں کی غیر قانونی منتقلی کی۔
پہلا الزام یس بینک سے 2017 سے 2019 کے درمیان ریلائنس گروپ کی کمپنیوں کو دیے گئے تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے کے قرضوں کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق ہے جبکہ دوسرا اور بڑا الزام ریلائنس کمیونیکیشنز کے ذریعے مبینہ طور پر 14 ہزار کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ سے متعلق ہے۔
یہ بھی پڑھیے: 2 ہزار کروڑ کا گھوٹالا، انیل امبانی کے خلاف سی بی آئی کے چھاپے
ای ڈی نے حالیہ دنوں میں انیل امبانی کو بھی تفتیش کے لیے طلب کیا ہے اور 12 سے 13 بینکوں سے ان قرضوں کے اجرا کے دوران کی جانے والی جانچ کی تفصیلات طلب کی ہیں جو ریلائنس ہاؤسنگ فنانس، ریلائنس کمیونیکیشنز اور ریلائنس کمرشل فنانس کو دیے گئے تھے۔













