ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر گزشتہ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے خودکش حملے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دہشتگرد پولیس ٹریننگ سینٹر میں داخل ہوئے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ شدید فائرنگ کی۔ حملے کے دوران 7 پولیس اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے، جنہیں ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
آپریشن مکمل، دہشتگرد ہلاک
ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے رات گئے آپریشن مکمل کیا اور حملے میں ملوث 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی فورسز کی شیرانی میں کارروائی، فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک
ڈی جی پبلک ریلیشنز نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تقریباً 200 پولیس جوان اور ریکروٹس کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، اور ٹریننگ اسکول اور نادرا آفس کو کلیئر کیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عظیم مثال قائم کی۔
آصف علی زرداری نے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک قوم اور سیکیورٹی فورسز متحد رہیں گی۔
پولیس کی بہادری کی تعریف
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جان دے کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ قوم ان کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
خراج عقیدت اور قوم کی حمایت
محسن نقوی نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:خصدار میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے کہا کہ پولیس نے دلیری اور عزم کے ساتھ دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی حفاظت میں ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔














