خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس پیر (13 اکتوبر) کو طلب کرلیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کو ہوگا، جس میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول، منظوری قانونی تقاضوں کے مطابق ہوگی، گورنرخیبرپختونخوا
انہوں نے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ منتخب کیا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ سہیل آفریدی پرعزم نوجوان ہے، وہ پہلے وزیراعلیٰ ہوں گے جن کا انتخاب قبائلی علاقے سے کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے کے بعد علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو موصول ہوگیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان کے کہنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم، علی امین گنڈاپور وزارت اعلیٰ سے مستعفی
دوسری جانب صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس پیر کو دن 11 بجے ہوگا۔
ادھر اپوزیشن بھی وزیراعلیٰ کے لیے اپنا متفقہ امیدوار میدان میں اتارنے کے لیے مشاورت کررہی ہے، لیکن ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا جا سکا۔