گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہو چکا ہے، تاہم اس کی منظوری تک وہ بدستور وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب، خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا
اپنے بیان میں گورنر نے وضاحت کی کہ علی امین کا تحریری استعفیٰ ان کے دفتر پہنچ گیا ہے اور پیر کے روز دفتر کھلنے پر اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ استعفیٰ موصول ہونے کی رسید بھی جاری کر دی گئی ہے، جبکہ یہ استعفیٰ علی امین گنڈاپور کے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ہے۔ گورنر کے مطابق ان کی قانونی ٹیم استعفے کے مندرجات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں علی امین گنڈاپور سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم، علی امین گنڈاپور وزارت اعلیٰ سے مستعفی
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کو سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب ہو جائیں گے، گورنر کو استعفیٰ موصول ہونے کے بعد ان کے دستخط کرنے یا نہ کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔