حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 25 لاکھ سے زائد گھریلو صارفین کے اگست کے بجلی بل معاف کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ، پشاور، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد اور قبائلی علاقوں کے صارفین کو مجموعی طور پر 17 ارب روپے سے زائد کا ریلیف دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں پر بڑے ریلیف کا فیصلہ، ٹیکسز ختم کرنے پر غور
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) کے 15 لاکھ صارفین اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیپکو) کے 4 لاکھ 75 ہزار صارفین کے بل معاف کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کے 2 لاکھ 65 ہزار، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے 77 ہزار، لاہور کے 48 ہزار اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے 1 لاکھ 65 ہزار صارفین کو بھی بلوں سے استثنا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کو 24 گھنٹے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی قرارداد منظور
پاور ڈویژن کے مطابق قبائلی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 1 ہزار صارفین کو اگست کے بل ادا نہیں کرنے ہوں گے، جب کہ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے متاثرہ صارفین سے متعلق سروے جاری ہے۔