حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اپنے تحویل میں لیے ہوئے 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا ہے، ان یرغمالیوں کو ریڈکراس کے حوالے کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ کراس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق سات اسرائیلی مغویوں کو ان کی تحویل میں دے دیا گیا ہے، جنہیں اب غزہ پٹی میں اسرائیلی دفاعی فورسز اور انٹیلی جنس سروس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ مزید مغویوں کی منتقلی بھی جلد متوقع ہے جنہیں ریڈ کراس کے ذریعے حوالے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: غزہ میں جنگ بندی برقرار، اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی تیاری
بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اس نے غزہ پٹی میں حماس کے قبضے سے 20 زندہ اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے پہلے مرحلے کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام اس جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے طے پایا تاکہ غزہ میں جاری تنازعے کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
دوسری طرف معاہدے کے تحت اسرائیل اپنے جیلوں سے تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں اور نظربندوں کو آج رہا کرے گا۔ اس کے بعد 28 دیگر اسرائیلی مغویوں کی منتقلی متوقع ہے، جن میں 26 کی لاشیں اور 2لاپتا افراد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل نے مغربی کنارے میں موجود الجزیرہ کے دفتر کی بندش 7ویں بار بڑھا دی
اسرائیل میں رئیم کے قریب فوجی کیمپ کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد اسرائیلی پرچم اٹھائے مغویوں کی واپسی کا انتظار کر رہی ہے۔
تل ابیب کے ہوسٹیجز اسکوائر میں بھی سینکڑوں افراد جمع ہیں جو اسرائیلی جھنڈے لہرا رہے ہیں اور مغویوں کی تصاویر اٹھائے خوشی و امید کا اظہار کر رہے ہیں۔













