پنجاب اسمبلی نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ ‘مقامی حکومت پنجاب 2025’ کا مسودہ قانون منظور کر لیا، جب کہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں۔
بل کی منظوری کے دوران ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے مسلسل شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ اپوزیشن ارکان نے اجلاس کی کارروائی ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہروں اور تشدد کے واقعات کے باعث موخر کرنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی نے معین ریاض قریشی کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا
اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، لہٰذا ایجنڈا ملتوی کیا جائے۔ تاہم حکومت نے اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر نعرے بازی کرتے رہے اور مسودہ بل کی کاپیاں ہوا میں لہراتے رہے۔ اس دوران ایوان کا ماحول خاصا کشیدہ رہا۔
قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن کے شدید شور شرابے کے باوجود بل کی منظوری دے دی۔














