وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبے میں انفراسٹرکچر، سڑکوں اور شہری ترقی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے تمام ٹال پلازوں کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے، نئی سڑکوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے اور لاہور کی بیوٹی فکیشن اسکیموں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر کے تمام ٹال پلازوں پر پرچی سسٹم ختم کر کے انہیں الیکٹرانک ٹول کلیکشن (ETC) پر منتقل کیا جائے گا۔
پنجاب کی 38 اہم شاہراہوں پر موٹروے کی طرز پر ’ون ایپ، ون سسٹم‘کے ذریعے مکمل خودکار نظام متعارف کرایا جائے گا۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سڑکوں کی تعمیر و بحالی
اجلاس میں 5 بڑی شاہراہوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اس فیصلے کے تحت نجی ادارے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال کے ذمہ دار ہوں گے، جس سے سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے پنجاب میں 40 ارب روپے کی بچت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے جسے شفافیت اور جدید نظام کا نتیجہ قرار دیا گیا۔
لاہور بیوٹی فکیشن پراجیکٹس کی منظوری
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور کی خوبصورتی اور شہری تزئین و آرائش کے متعدد منصوبوں کی بھی منظوری دے دی۔
ان منصوبوں میں ریلوے اسٹیشن، مصری شاہ، داتا دربار، اک موریہ اور دو موریہ پل کی ری ویمپنگ اور بیوٹی فکیشن شامل ہیں۔ ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں فوارہ اور بچوں کے لیے منی ٹرین چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے اردگرد 3 کلومیٹر کے احاطے میں روڈز اور فٹ پاتھ تعمیر کیے جائیں گے۔
تعمیر و بحالی کے جاری منصوبوں پر بریفنگ
اجلاس کے دوران سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور ڈی جی ایل ڈی اے نے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے مطابق سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے 54 بڑے برج، 142 چھوٹے پل اور 858 سڑکیں مکمل بحال کی جا چکی ہیں۔ 93 کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی روڈ کو پنجاب کی پہلی ڈسٹ فری سڑک بنانے کا منصوبہ جاری ہے، جو جون 2026 تک مکمل ہوگا۔ قائداعظم انٹرچینج تا واہگہ ٹورازم کوریڈور بھی آئندہ جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔
لوکل روڈ پروگرام کی پیش رفت
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف منسٹر لوکل روڈ پروگرام کے تحت 5251 کلومیٹر طویل سڑکوں کے 2341 منصوبے دسمبر 2025 میں شروع ہوں گے اور جون 2026 تک مکمل کر لیے جائیں گے۔
مزید یہ کہ مری، چکوال، ساہیوال اور دیگر اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ جبکہ سی ایم پنجاب انیشی ایٹو کے تحت 10 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت آخری مراحل میں ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ تمام نئی سڑکوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں تاکہ توانائی کی بچت ہو اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ ملے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت، اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
پنجاب حکومت کا یہ فیصلہ صوبے کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کرپشن میں کمی اور نظام میں شفافیت لانے کی جانب ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔
ٹال پلازہ ڈیجیٹلائزیشن، ای ٹینڈرنگ، اور سولر لائٹس جیسے اقدامات نہ صرف مالی بچت بلکہ عوامی سہولت کے بھی ضامن ہوں گے۔














