اسلام آباد ہائیکورٹ میں اڈیالہ جیل کے ایک قیدی نے درخواست دائر کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے برابر سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق درخواست گزار محمد عرفان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ قتل کے مقدمے (دفعہ 302) میں 25 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل میں قید عمران خان 73 برس کے ہوگئے، ’تم جیو ہزاروں سال، ہر سال کے دن ہوں 10 ہزار‘
انہوں نے مؤقف پیش کیا کہ جیل حکام کو متعدد مرتبہ سپیریئر کلاس سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی، مگر ہر بار ان کی درخواست کو نظرانداز کر دیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں خصوصی اور اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ دیگر قیدیوں کو ان جیسا درجہ نہیں دیا جاتا۔
محمد عرفان کے مطابق عمران خان کو نہ صرف بہتر رہائشی انتظامات میسر ہیں بلکہ انہیں باقاعدگی سے ملاقاتوں کی اجازت بھی حاصل ہے، جو کہ دیگر قیدیوں کو میسر نہیں۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کے تحت انہیں بھی وہی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے لیے 2 روم کولر اڈیالہ جیل پہنچا دیے گئے
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، چیف کمشنر اسلام آباد اور ہوم ڈپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔














