اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤثر کردار کا ایک بار پھر اعتراف کیا گیا ہے، پاکستان 2026 سے 2028 تک کے لیے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے، جس کی مدت 2026 سے 2028 تک ہوگی۔ پاکستان نے بھاری اکثریت سے یہ نشست حاصل کی۔
With the Grace of Allah Almighty, Pakistan has been elected to the UN Human Rights Council for the term 2026-28 with an overwhelming majority.
My profound gratitude to all UN Member States for their support!
Pakistan’s election is a recognition of its strong credentials and…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) October 14, 2025
وزیرِ خارجہ نے تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کا انتخاب عالمی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے اس کے مضبوط کردار اور خدمات کا اعتراف ہے۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اپنے مؤقف کو اصول یعنی رواداری، احترام، آفاقیت، اتفاق رائے اور تعمیری شمولیت کی بنیاد پر آگے بڑھاتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار مسرت
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں سال 2026 سے 2028 تک نئے رکن کے طور پر پاکستان کی شمولیت پر اظہار مسرت کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کا اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤثر اور بھرپور کردار کا عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ سرحد پار تشدد اور اقلیتوں پر مظالم بے نقاب ‘، اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کو دوٹوک جواب
وزیراعظم نے کہاکہ ہم دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سر بلندی کے لیے کونسل میں پاکستان کے بھرپور کردار کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔














