اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آج پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا چھٹی مرتبہ رکن منتخب کرلیا ہے۔
پاکستان کو یہ رکنیت 178 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے حاصل ہوئی ہے، جس کی مدت 3 سال ہوگی اور یہ یکم جنوری 2026 سے شروع ہوگی۔
یہ چھٹی مرتبہ ہے کہ پاکستان کو 2006 میں کونسل کے قیام کے بعد اس کے رکن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کا بیان یکطرفہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا
یہ کامیابی عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد اور انسانی حقوق کے فروغ، دفاع اور تحفظ کے حوالے سے اس کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔
Pakistan has been elected today by the General Assembly to the UN Human Rights Council for the 2026–2028 term.
Pakistan got 178 votes in the GA election and will serve on the Council for the sixth term. pic.twitter.com/AueB4uKUQA
— Permanent Mission of Pakistan to the UN (@PakistanUN_NY) October 14, 2025
ساتھ ہی یہ اقوامِ متحدہ کے نظامِ انسانی حقوق کو مضبوط بنانے میں پاکستان کے کردار کا بھی ثبوت ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان، اپنے نئے دورِ رکنیت میں، شہری، سیاسی، معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے ساتھ ساتھ حقِ ترقی کے فروغ کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔
پاکستان کونسل کے مینڈیٹ کے مطابق عالمی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے آفاقیت، شفافیت، غیرجانبداری اور عدم امتیاز کے اصولوں کی پاسداری کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ انسانی حقوق کونسل عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خصوصاً زیرِ قبضہ علاقوں میں ہونے والی پامالیوں پر توجہ دینے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔
’پاکستان اس فورم پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتا رہے گا، اسی طرح وہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم کی جانب بھی عالمی توجہ مبذول کرائے گا۔‘
مزید پڑھیں:اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں پیش کردہ پاکستانی قرارداد منظور
اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا صدر دفتر جنیوا میں واقع ہے اور اس کے 47 رکن ممالک ہیں۔
کونسل دنیا بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے لیے موضوعاتی امور اور ہنگامی صورتحال پر کام کرتی ہے۔













