حکومت آئندہ بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط پر تیار کر رہی ہے؟

بدھ 17 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام جاری رکھنے کی خواہاں ہے اور اس ضمن میں پوری کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے۔

’حکومت بجٹ تیار کر رہی ہے اور ہم آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ فائنانس ڈویژن اور ایف بی آر اس وقت بھی آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ ہم آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل کی جانب پیش رفت کررہے ہیں۔‘

بجٹ میں عوام کے لیے کیا ریلیف ہے؟

وزیر مملکت برائے خزانہ کے مطابق بجٹ خسارے پر قابو پانا ہی عوام کے لیے بڑا ریلیف ہو گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے۔

’آئندہ بجٹ میں بلا واسطہ ٹیکس لگائیں گے جس سے عام آدمی پر بوجھ کم ہو گا، ٹیکس ٹو جی ڈی پی جب تک دو ہندسوں میں نہیں پہنچ جاتا مشکل صورتحال رہے گی۔‘

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کے مطابق ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ملک کی ضرورت ہے۔ اسمگلنگ پر قابو پا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے گا، اس ضمن میں پالیسی سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔

بجٹ کب پیش کیا جائے گا؟

وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ بجٹ نمبرز کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ جون کے پہلے ہفتے میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔

بجٹ میں کون سے ٹیکس متوقع ہیں؟

وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بالواسطہ  ٹیکسوں سے بلا واسطہ ٹیکسوں پر شفٹ کیا جائے۔ اس لیے آئندہ بجٹ میں بلاواسطہ ٹیکس لگائیں گے جس سے عام آدمی پر بوجھ کم ہو گا۔

’پاکستان میں ٹیکس اور جی ڈی پی تناسب انتہائی کم ہے اسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکسز میں چھوٹ دے کر ہمیں قرض لینا پڑتا ہے جسکا معیشت پر منفی اثر ہوتا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp