بنگلہ دیش اور پاکستان نے لیبر سیکٹر میں شراکت کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد بیرونِ ملک محنت کشوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش کو چاول برآمد کرے گا
جمعرات کے روز قطر کے درالحکومت دوحہ میں سکسٹھ او آئی سی لیبر منسٹرز کانفرنس کے موقع پر بنگلہ دیش کے لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ ایڈوائزر محمد سخاوت حسین اور پاکستان کے لیبر منسٹر فیصل ایوب کھوکھر نے ملاقات کی۔
سخاوت حسین نے بیرونِ ملک مزدور مارکیٹ کے مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان بحری اور فضائی روابط میں بہتری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی تاکہ تجارت، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری کا عمل سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، دفتر خارجہ
دونوں وزرا نے باقاعدہ لیبر ڈائیلاگ اور ٹیکنیکل کوآپریشن قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ تعاون کے اہم شعبوں میں مشترکہ ٹریننگ پروگرامز کا آغاز، لیبر مارکیٹ کی معلومات کا تبادلہ اور مائیگریشن سسٹمز کو مضبوط بنانا شامل ہے تاکہ محنت کشوں کو عالمی روزگار کے مواقع کے لیے بہتر طور پر تیار کیا جا سکے۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کی وزارتِ محنت اور قطر میں سفارتخانے کے سینیئر حکام بھی موجود تھے۔