وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن حکیم وہ سرچشمۂ ہدایت ہے جو انسان کو کامیابی کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔ قرآن و سنت سے رہنمائی لے کر ہی ہم اپنے معاشرے کو حقیقی اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔
وہ جمعرات کے روز یہاں وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام چالیسویں سالانہ مقابلہ برائے حفظ و قرأتِ قرآن حکیم کی تقسیمِ اسناد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ وہ والدین خوش نصیب ہیں جن کے بچوں کو اللہ تعالیٰ نے قرآن حفظ کرنے اور اس کی تلاوت کی سعادت عطا کی، اور وہ اساتذہ بھی اللہ کے نزدیک بے حد مقبول ہیں جو قرآن کی تعلیم دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھےگا‘، وفاقی وزیر سردار یوسف کی فلسطینی وفد سے گفتگو
سردار محمد یوسف نے کہا کہ قرآن حکیم وہ کتابِ ہدایت ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بچے خوش نصیب ہیں جنہوں نے اپنے دلوں کو قرآن کی روشنی سے منور کیا۔ ان بچوں نے ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کامیابی کے بعد قومی مقابلے میں شرکت کی۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قرآن کی تلاوت روح کی پاکیزگی اور دل کی حلاوت کا ذریعہ ہے اور قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: عمرہ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، سردار محمد یوسف
انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں کا انعقاد وزارت کے لیے باعثِ فخر ہے کیونکہ ان سے نہ صرف اخلاقی تربیت بلکہ قومی وحدت بھی مضبوط ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے امتِ مسلمہ کا حقیقی سرمایہ ہیں اور امید ہے کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے قرآن و سنت سے رہنمائی لینی ہوگی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں، وفاقی وزیر سردار یوسف
سردار محمد یوسف نے کہا کہ قرآن حکیم سے متعلق تقریبات کا انعقاد اسکولوں، کالجوں اور جامعات کی سطح پر ہونا چاہیے تاکہ نئی نسل کو اس سے زیادہ سے زیادہ جوڑا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام ہونے والے آئندہ بین الاقوامی مقابلے میں دنیا کے 57 ممالک کے بچے شرکت کریں گے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اسلام نیکی کو پھیلانے اور برائی کو روکنے کا حکم دیتا ہے، اس لیے بغیر تحقیق کے کوئی بات آگے نہیں بڑھانی چاہیے۔
مزید پڑھیں:وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا پاکستان حج مشن مدینہ منورہ کا دورہ
انہوں نے علما سے اپیل کی کہ وہ محراب و منبر کے ذریعے معاشرتی اصلاح کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر وزیر مذہبی امور نے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ترکیہ کے قونصلر برائے مذہبی امور کی ملاقات
حفظ کیٹیگری میں 10 سے 35 سال کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں میں خیبر پختونخوا کے ضیاء الدین ولد محمد رحیم نے پہلی، بلوچستان کے محمد امین ولد عصمت اللہ نے دوسری اور آرمڈ فورسز کے حافظ محمد علی ولد خواجہ شیخ محمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کیٹیگری میں اسلام آباد کی حسنہ دختر زاہد نے پہلی، سندھ کی صوبیہ دختر راشد نے دوسری جبکہ پنجاب کی جیشہ منصور دختر منصور میر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔













