اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کی کمی

جمعرات 16 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز ایک اور غیر مستحکم سیشن دیکھا گیا، جہاں کمزور سرمایہ کارانہ اعتماد کے باعث 100 انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس گر گیا۔

کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس دن کے دوران بلند ترین سطح 166,864.89 پوائنٹس تک پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں منافع کے حصول کا رجحان، ابتدائی تیزی زائل

تاہم سیشن کے آخری حصے میں منافع کے حصول کے باعث فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کا رجحان منفی کردیا اور انڈیکس کم ہو کر 164,261.65 کی نچلی ترین سطح تک آگیا۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,241.67 پوائنٹس 0.75 فیصد کی کمی کے بعد 164,444.71 پر بند ہوا۔

بدھ کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا تھا، جب سرمایہ کاروں نے گزشتہ سیشن کی مضبوط تیزی کے بعد منافع سمیٹنے کو ترجیح دی۔

اس روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 210.36 پوائنٹس 0.13 فیصد کا اضافہ ہوا تھا اور انڈیکس 165,686.38 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچ کر مندی سے دوچار، کیا معیشت خطرے میں ہے؟

بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو بیشتر ایشیائی منڈیوں میں اضافہ دیکھا گیا، خاص طور پر چِپ سیکٹر میں امریکی مارکیٹ کی راتوں رات مضبوط کارکردگی کے بعد نمایاں تیزی آئی۔

وال اسٹریٹ پر منافع بخش کمائی کے سیزن کے آغاز نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید سہارا دیا۔

اسی دوران بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی تجارتی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں نے سونا اور جاپانی ین جیسی محفوظ سرمایہ کاریوں کا رخ کیا، جس سے ڈالر پر دباؤ پڑا۔

جاپان کا نکی انڈیکس 0.8 فیصد بڑھا، جبکہ تائیوان میں 1.4 فیصد، جنوبی کوریا کا کوسپی 1.8 فیصد، اور آسٹریلیا کا انڈیکس 1.1 فیصد بڑھ کر اپنی بلند ترین سطحوں پر پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟

ہانگ کانگ اور چین کی مارکیٹیں بھی ابتدائی دباؤ کے باوجود آخرکار مثبت بند ہوئیں۔

امریکی اسٹاک فیوچرز نسبتاً مستحکم رہے، جب کہ ایک دن قبل S&P 500 میں 0.4 فیصد اور نیسڈیک میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

دوسری جانب، پاکستانی روپے نے جمعرات کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی بہتری دکھائی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں اختتام پر روپے کی قدر میں 0.01 روپے کا معمولی اضافہ ہوا۔

تمام شئیرز کے اشاریے پر کاروباری حجم بڑھ کر 3.078 ارب حصص تک جا پہنچا، جو گزشتہ روز کے 1.528 ارب حصص سے نمایاں زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں:سعودی اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ پاکستان ملکی معیشت کے لیے اہم کیوں ہے؟

تاہم، حصص کی مجموعی مالیت 68.60 ارب روپے سے گھٹ کر 50.61 ارب روپے رہ گئی۔

کے الیکٹرک لمیٹڈ کاروباری حجم میں سب سے آگے رہا، جس کے 1.022 ارب حصص کا لین دین ہوا۔

اس کے بعد ورلڈ کال ٹیلی کام کے 953.71 ملین اور ٹیلی کارڈ لمیٹڈ کے 99.87 ملین حصص کا کاروبار ہوا۔

جمعرات کو مجموعی طور پر 484 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 174 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 269 میں کمی، اور 41 میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سابق این سی پی رہنما میر ارشد الحق کی بی این پی میں شمولیت

سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹوکنائزیشن، وزیر خزانہ کی عالمی وفد سے ملاقات

کرکٹ بورڈ کو الٹی میٹم دینے کی بھارتی خبریں غلط اور غیر مستند ہیں، بنگلادیش

ایران کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف کا دشمنوں کو سخت انتباہ

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں مودی کے خلاف پھر نعرے، احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا

ویڈیو

کراچی میں منفرد  ڈاگ شو کا انعقاد

جعلی مقدمات قائم کرنے سے لوگ ہیرو بن جاتے ہیں، میاں داؤد ایڈووکیٹ

عمران خان نے کہا تھا کہ ’فوج میری ہے اور میں فوج کا ہوں‘، شاندانہ گلزار

کالم / تجزیہ

امریکا تیل نہیں ایران اور چین کے پیچھے وینزویلا پہنچا

وینزویلا کی’فتح‘ کے بعد، دنیا کا نقشہ کیا بنے گا؟

منو بھائی کیوں یاد آئے؟