آسٹریلیا نے بھارت کو 1-2 سے شکست دے کر 10ویں سلطان آف جوہر انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
یہ تیسری مرتبہ ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے یہ اعزاز جیتا۔ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپیئن برطانیہ نے پاکستان کو 2-3 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ پانچویں پوزیشن کے میچ میں میزبان ملائیشیا نے نیوزی لینڈ کو 3-5 سے مات دی۔ پاکستان کے سفیان خان 9 گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر قرار پائے۔
یہ بھی پڑھیں: سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر
ملائیشیا کے شہر جوہر بارو کے تمان دیا ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ 6 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔
کھیل کے 13ویں منٹ میں آسٹریلیا کے گروبیلار این نے پہلا گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم بھارت کے ایکا انمول نے 17ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے اختتامی لمحات تک سخت مقابلہ جاری رہا، مگر 59ویں منٹ میں گروبیلار این نے ایک اور شاندار گول کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 1-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی، جو آخر تک برقرار رہی۔
تیسرے نمبر کے میچ میں برطانیہ نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دی۔ قومی کھلاڑی سفیان خان 9 گول کے ساتھ ایونٹ کے بہترین اسکورر قرار پائے، جبکہ کپتان حنان شاہد 5 گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کا آسٹریلیا کے خلاف شاندار کم بیک، میچ 3-3 سے برابر
پاکستان نے اپنے ابتدائی میچ میں میزبان ملائیشیا کو 2-7 سے شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں برطانیہ کے ہاتھوں 6-1 سے ناکامی کے بعد روایتی حریف بھارت سے 3-3 سے میچ برابر رہا۔ نیوزی لینڈ سے 3-2 سے ہارنے کے بعد پاکستان کا آخری میچ آسٹریلیا سے 3-3 سے برابر ختم ہوا۔
یاد رہے کہ برطانیہ اب تک 4 اور بھارت 3 مرتبہ اس ایونٹ کا فاتح رہ چکے ہیں۔













