اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر فضائی حملہ کیا، جس میں 9 افراد شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ غزہ کے علاقے الزیتون میں پیش آیا، جہاں اسرائیلی جنگی طیارے نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دھماکے کے فوراً بعد گاڑی میں موجود تمام افراد موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس نے ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کردی، غزہ میں امدادی سامان کے داخلے کا مطالبہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جس کے باعث خطے میں تناؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ حملہ واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ صیہونی افواج جان بوجھ کر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
حماس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کارروائی مصر میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے غزہ میں امداد پر نئی پابندیاں عائد کر دیں، اسرائیلی حملوں میں مزید 9 فلسطینی شہید
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس فضائی حملے کو انسانیت سوز جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر امن اور انسانی اصولوں کی سنگین پامالی کی ہے۔














